آزاد کشمیر: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آزادکشمیر کے فارورڈ بلاک کے 5 وزرا نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ان وزرا نے فریال تالپور اور چوہدری ریاض سے ملاقات کی جس میں اپنی شمولیت کی باقاعدہ تصدیق کی۔ اس کے علاوہ آزاد کشمیر کے وزیر ہائر ایجوکیشن ظفر اقبال ملک نے بھی پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔
پی پی پی میں ان کی شمولیت کے بعد آزادکشمیر کے پیپلز پارٹی اراکین اسمبلی کی تعداد 23 تک پہنچ گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز صدر آصف زرداری نے آزادکشمیر میں عدم اعتماد لانے اور حکومت سازی کی منظوری دی تھی۔ آزادکشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں حکومت بنانے کے لیے پیپلز پارٹی کو 27 اراکین کی حمایت درکار ہے۔
آزاد کشمیر میں حکومت سازی کی بازگشت — آئین ساز اسمبلی کی پارٹی پوزیشن کیا ہے؟
مسلم لیگ ن اس وقت ایوان میں 9 ممبران کے ساتھ موجود ہے، لیکن ن لیگ نے پہلے ہی اعلان کر دیا تھا کہ وہ حکومت سازی میں حصہ نہیں لے گی۔
اب پیپلز پارٹی کی توجہ باقی 4 ارکان کی حمایت حاصل کر کے گورننگ نمبر گیم مکمل کرنے پر مرکوز ہے تاکہ آزادکشمیر میں نئی حکومت قائم کی جا سکے۔
