بھارتی اسٹار بیٹر ویرات کوہلی آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں مسلسل دوسرے میچ میں بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے، جس کے بعد ان کے ممکنہ ریٹائرمنٹ کے حوالے سے چہ مگوئیاں شروع ہو گئی ہیں۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں ویرات کوہلی زیویئر بارٹلیٹ کی گیند پر صرف 4 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ اس سے قبل پرتھ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں بھی انہیں مچل اسٹارک نے ڈک پر آؤٹ کیا تھا۔
یہ پہلا موقع ہے جب ویرات کوہلی اپنے شاندار کیریئر میں مسلسل دو ون ڈے میچز میں صفر پر آؤٹ ہوئے ہیں۔
پویلین واپس جاتے ہوئے کوہلی نے اپنے گلوز اتار کر اوپر کی جانب اٹھائے، جس پر اسٹیڈیم میں موجود شائقین اپنی نشستوں سے اٹھ کھڑے ہوئے اور ان کے لیے تالیاں بجا کر احترام کا اظہار کیا۔
ان کے چہرے پر نمایاں مایوسی اور جذباتی کیفیت دیکھی گئی، جس نے مداحوں میں یہ سوال پیدا کر دیا کہ آیا یہ ریٹائرمنٹ کا اشارہ تو نہیں۔
ویرات اور روہت کا پاکستانی مداح کے ساتھ خوبصورت لمحہ، آٹوگراف اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل
بھارتی صحافی وکرانت گپتا نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر لکھا کہ کوہلی کا یہ انداز شاید "الوداعی اشارہ” ہو، یا ممکن ہے وہ اپنے کیریئر کے فیصلے کے لیے آخری ون ڈے میچ تک انتظار کریں۔
دوسری جانب، سوشل میڈیا پر مداحوں کے درمیان بحث جاری ہے۔ کچھ کا کہنا ہے کہ یہ ان کی ممکنہ ریٹائرمنٹ کا عندیہ تھا، جبکہ دیگر کے مطابق یہ محض مداحوں کے لیے احترام کا اظہار تھا۔
یاد رہے، ویرات کوہلی نے اپنے کیریئر میں اب تک 275 سے زائد ون ڈے میچز کھیل کر 13 ہزار سے زائد رنز اسکور کیے ہیں اور وہ بھارت کے کامیاب ترین بلے بازوں میں سے ایک سمجھے جاتے ہیں۔