راولپنڈی: نومبر احتجاج کے مقدمے میں علیمہ خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری کے بعد راولپنڈی پولیس نے ان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق تھانہ صادق آباد پولیس کی ٹیم وارنٹ گرفتاری کے ساتھ آج لاہور روانہ ہوگی۔ علیمہ خان کے وارنٹ پر 14 اپر مال روڈ لاہور کا پتہ درج ہے۔
ذرائع کے مطابق انسدادِ دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے عدم حاضری پر جمعہ کے روز علیمہ خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کیے تھے، جب کہ ملزمہ کے ضامن کے سمن کی تکمیل کے لیے بھی الگ پولیس ٹیم مقرر کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق علیمہ خان کی ضمانت راولپنڈی کے رہائشی عمر شریف نے دی تھی، جنہوں نے ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرائے تھے۔ سمن کے مطابق اگر ملزمہ 20 اکتوبر کو عدالت میں پیش نہ ہوئیں تو ضامن کے خلاف عدالتی کارروائی شروع کی جائے گی۔
واضح رہے کہ نومبر احتجاج کے تھانہ صادق آباد کے مقدمے میں علیمہ خان سمیت 11 ملزمان پر فردِ جرم عائد کی جاچکی ہے۔ استغاثہ نے آئندہ سماعت پر 5 گواہان کو طلب کر رکھا ہے۔ مقدمے میں مجموعی طور پر 87 ملزمان چالان ہوئے جن میں سے 9 کو اعترافِ جرم پر سزا ہوچکی ہے جبکہ 66 ملزمان اشتہاری قرار دیے جا چکے ہیں۔