وزیراعظم نے "کیش لیس پاکستان اسٹریٹجی” کی منظوری دے دی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے "کیش لیس پاکستان اسٹریٹجی” کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔

latest urdu news

اس حکمت عملی کا مقصد ملک کو بتدریج نقدی سے پاک معیشت کی طرف لے جانا ہے تاکہ مالی شفافیت، آسان ترسیلات، اور ٹیکس نظام کو بہتر بنایا جا سکے۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے پارلیمان میں تحریری رپورٹ پیش کی جس میں حکومت کے وضع کردہ اقدامات اور اہداف کا ذکر کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال کے لیے ڈیجیٹل لین دین کا ہدف 115 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر کے مطابق حکومت نے جون 2026 تک چار بڑے اہداف مقرر کیے ہیں۔ ان میں سب سے اہم ہدف ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو فروغ دینا ہے تاکہ یہ محفوظ، آسان اور سب کے لیے قابل رسائی ہو۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کا ارادہ ہے کہ ڈیجیٹل لین دین کو موجودہ 705 ارب سے بڑھا کر 1,150 ارب روپے تک لے جایا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ کیو آر کوڈ سمیت دیگر ڈیجیٹل ادائیگی ذرائع استعمال کرنے والے تاجروں کی تعداد 20 لاکھ تک پہنچانے کا ہدف بھی شامل ہے۔

ڈیجیٹل ادائیگی ایپس کے صارفین کی تعداد 95 ملین سے بڑھا کر 120 ملین کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، جبکہ ترسیلات زر کی 100 فیصد وصولی ڈیجیٹل ذرائع سے ممکن بنانے پر بھی کام جاری ہے۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے قیام کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ "راست سسٹم” کے تحت حکومت کی سرکاری ادائیگیاں اور وصولیاں مکمل طور پر ڈیجیٹل کی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ ڈیجیٹل نیشن پاکستان پروگرام کو فعال کیا جا رہا ہے اور ملک میں انٹرنیٹ کی دستیابی میں وسعت پیدا کی جا رہی ہے۔

وزیر خزانہ نے بینکوں اور مالیاتی اداروں کو ہدایت دی کہ راست کیو آر کوڈ کی مکمل نفاذ کو یقینی بنایا جائے تاکہ ہر سطح پر ادائیگیوں کا عمل شفاف اور تیز ہو۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter