پاکستانی اداکار سید جبران نے ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں پاکستان کی بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد فاسٹ بولر حارث رؤف پر کی گئی تنقید پر معافی مانگ لی ہے۔ انہوں نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں اعتراف کیا کہ انہوں نے غیر ضروری طور پر صرف ایک کھلاڑی کو نشانہ بنایا، حالانکہ شکست کی ذمہ داری پوری ٹیم پر عائد ہوتی ہے۔
انسٹا اسٹوری میں جبران نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ، "دوستوں! سچ کہوں تو مجھے اگلے روز بہت برا محسوس ہوا، جب مجھے احساس ہوا کہ میں نے صرف ایک خاص کھلاڑی کے لیے سخت الفاظ استعمال کیے، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ جو کچھ ہوا وہ صرف ایک فرد کی غلطی نہیں تھی بلکہ پوری ٹیم کی اجتماعی کارکردگی تھی۔”
انہوں نے مزید لکھا، "میں معذرت خواہ ہوں، لیکن اُس وقت مجھے ایسا محسوس ہوا کہ جیسے میں ان سے بہتر ہوں۔ یہ سوچ جذباتی کیفیت میں آئی، جس پر اب افسوس ہے۔”
واضح رہے کہ ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ اس میچ میں حارث رؤف سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے تھے، جس کے بعد کئی سوشل میڈیا صارفین اور شخصیات کی جانب سے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
سید جبران کی جانب سے معافی مانگنے پر کئی مداحوں نے اس اقدام کو حوصلہ افزا اور مثبت رویہ قرار دیا ہے، جبکہ کچھ صارفین نے اسے یہ تسلیم کرنے کی اچھی مثال کہا ہے کہ غلطی ہو جائے تو معافی مانگنا ایک بہتر عمل ہے۔