فلپائن کے وسطی حصے خوفناک زلزلے سے لرز اٹھے، جس کی شدت 6.9 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے نتیجے میں مختلف حادثات میں کم از کم 22 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلہ رات 10 بجے کے قریب آیا اور اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔ زوردار جھٹکوں کے باعث شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے فوراً بعد متاثرہ علاقوں میں آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے، جس سے صورتحال مزید سنگین ہو گئی۔ زلزلے سے زخمی ہونے والے 30 سے زائد افراد کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ریسکیو اداروں نے امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے بھاری مشینری متاثرہ علاقوں میں روانہ کر دی گئی ہے۔ فلپائنی حکام کے مطابق ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے اور ریسکیو آپریشن تیز رفتاری سے جاری ہے۔