خیبر پختونخوا حکومت نے فائر بریگیڈ کا کنٹرول ریسکیو 1122 کے سپرد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد فائر فائٹنگ نظام کو مزید مؤثر اور جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، لوکل کونسل بورڈ نے صوبے کے تمام اضلاع کی ٹی ایم ایز کو اس حوالے سے باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ مراسلے میں فائر بریگیڈ کے عملے سے متعلق مکمل ڈیٹا فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ 10 ستمبر کے پہلے مراسلے کے باوجود مطلوبہ معلومات تاحال موصول نہیں ہو سکیں۔
اس فیصلے کے تحت فائر بریگیڈ کی سروسز، عملہ اور انفراسٹرکچر اب ریسکیو 1122 کے زیرِ نگرانی آئیں گے، جس سے ہنگامی حالات میں ریسپانس ٹائم میں بہتری اور ریسکیو سروسز میں یکسانیت کی توقع کی جا رہی ہے۔
ادھر خیبر پختونخوا حکومت نے شفافیت اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے تمام ٹی ایم ایز سے مالی سال 2024-25 کے اخراجات اور آمدنی کی مکمل تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ اس حوالے سے ایک علیحدہ مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں ٹی ایم ایز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اکاؤنٹنٹ جنرل خیبر پختونخوا کے ساتھ بروقت مفاہمت کو یقینی بنائیں۔
یہ مراسلے صرف ٹی ایم ایز تک محدود نہیں بلکہ ان کی کاپیاں ڈائریکٹر جنرل میٹروپولیٹن حکومت پشاور، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ حکام کو بھی ارسال کی گئی ہیں تاکہ مالی معاملات میں مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔