دبئی نے دنیا بھر سے ڈیجیٹل نومیڈز اور ریموٹ کام کرنے والے پروفیشنلز کے لیے ایک نیا اور منفرد ویزا پروگرام متعارف کرایا ہے جسے "ورچوئل ورک ویزا” کا نام دیا گیا ہے۔ یہ ویزا ایسے غیر ملکی افراد کو ایک سال تک دبئی میں رہنے اور کام کرنے کی اجازت دیتا ہے جو بیرون ملک ملازمت کرتے ہیں یا ان کا اپنا آن لائن بزنس ہے۔
اس ویزا کے لیے کسی مقامی اسپانسر کی ضرورت نہیں، تاہم کچھ بنیادی شرائط اور دستاویزات لازمی ہیں۔ درخواست گزار کی کم از کم ماہانہ آمدنی 12,856 درہم (تقریباً 9.87 لاکھ پاکستانی روپے) ہونی چاہیے اور ملازمت یا کاروبار کا ایک سالہ ثبوت بھی فراہم کرنا ہوگا۔
لازمی دستاویزات میں شامل ہیں:
- چھ ماہ کے لیے کارآمد پاسپورٹ
- ہیلتھ انشورنس
- ملازمت یا بزنس کا ثبوت
- کرمنل ریکارڈ کا سرٹیفکیٹ
- تنخواہ کی سلپ یا 3 ماہ کی بینک اسٹیٹمنٹ
- دبئی میں رہائش کا ثبوت
- پاسپورٹ سائز تصویر
درخواست آن لائن GDRFA دبئی پورٹل، ورچوئل ورکنگ پروگرام کی ویب سائٹ، یا دبئی میں موجود ’امر سینٹر‘ کے ذریعے دی جا سکتی ہے۔ درخواست فیس 372.5 درہم (تقریباً 28,600 پاکستانی روپے) مقرر کی گئی ہے۔
صرف 21 ہزار روپے میں یورپ کے خوبصورت ملک اسپین کا ویزا کیسے حاصل کریں؟
منظوری کے بعد، بیرون ملک مقیم درخواست دہندہ کو انٹری پرمٹ جاری کیا جاتا ہے، جبکہ دبئی پہنچنے پر میڈیکل فٹنس، بایومیٹرکس، امارات آئی ڈی اور ویزا اسٹیمپنگ کے مراحل مکمل کرنا ہوتے ہیں۔
یہ ویزا اُن افراد کے لیے خاص طور پر موزوں ہے جو دبئی کے عالمی معیار کی سہولیات، محفوظ ماحول اور جدید طرزِ زندگی کا تجربہ حاصل کرنا چاہتے ہیں، بغیر کسی مستقل رہائش یا اسپانسر کے۔ ویزا ایک سال کے لیے جاری ہوتا ہے اور قابلِ تجدید ہے۔