پاکستان ہر سال 14 اگست کو یومِ آزادی ملی جوش و جذبے سے مناتا ہے۔ لیکن اس بار ایک سوال سوشل میڈیا اور عوامی محفلوں میں گونجت رہا ہے، یہ یومِ آزادی 78واں ہے یا 79واں؟ اس کنفیوژن کی وجہ گنتی کا مختلف طریقہ ہے۔
پاکستان 14 اگست 1947 کو قائم ہوا۔ اگر ہم 14 اگست 1947 سے 14 اگست 2025 تک پورے سال شمار کریں تو یہ 78 سال مکمل بنتے ہیں، یعنی پاکستان اس دن 78 سال کا ہو جائے گا۔ اس حساب سے سرکاری سطح پر اسے 78واں یومِ آزادی کہا جاتا ہے۔
مگر ایک دوسرا طریقہ بھی ہے، جس میں قیامِ پاکستان والے دن یعنی 14 اگست 1947 کو بھی "پہلا یومِ آزادی” مانا جاتا ہے۔ اس فارمولے سے 14 اگست 2025 کو 79واں یومِ آزادی ہو گا۔ اس وجہ سے عوام دو مختلف اعداد سنتے ہیں اور کنفیوژن بڑھ جاتی ہے۔
دنیا کے کئی ممالک میں یہی صورتحال ہوتی ہے۔ کچھ ممالک پہلا دن بھی شمار کرتے ہیں اور کچھ قیام کے ایک سال بعد سے نمبرنگ شروع کرتے ہیں۔ امریکا مثال کے طور پر 4 جولائی 1776 کو بھی "پہلا یومِ آزادی” شمار کرتا ہے، اسی لیے ان کا نمبر ہمیشہ ایک سال زیادہ ہوتا ہے۔
ہمارے ہاں سرکاری ادارے زیادہ تر "قیام کے بعد گزرے برس” شمار کرتے ہیں، اس لیے 2025 میں 78واں یومِ آزادی کہا جائے گا۔ لیکن نجی سطح پر یا عوام میں جو لوگ پہلا دن بھی شمار کرتے ہیں، وہ 79واں کہتے ہیں۔ دونوں زاویے درست ہیں، فرق صرف گنتی کا ہے۔
اصل پیغام یہ ہے کہ چاہے ہم اسے 78واں کہیں یا 79واں، یہ دن ہمیں اپنی قربانیوں کو یاد رکھنے، شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور مستقبل کے لیے متحد ہونے کا پیغام دیتا ہے۔