لاہور، پنجاب میں 79 ویں یومِ آزادی کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں اور صوبے بھر میں ڈویژن، ضلع اور تحصیل کی سطح پر قومی جوش و جذبے کے ساتھ انتظامات جاری ہیں، صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کے مطابق جشنِ آزادی کی تقریبات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 14 اگست کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف معرکہ حق پارک اور میوزیم کی نقاب کشائی کریں گی۔ اس موقع پر خصوصی تقاریب، رنگا رنگ پروگرامز اور تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، جن میں ہر طبقہ فکر کے لوگ شریک ہوں گے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے جشنِ آزادی کو مثالی انداز میں منانے کی ہدایت دی ہے۔ اضلاع کے درمیان خوبصورت چراغاں اور آزادی فلوٹس کے مقابلے ہوں گے، جہاں بہترین چراغاں، سب سے خوبصورت فلوٹ اور سب سے زیادہ سجے ہوئے بازار کو انعامات دیے جائیں گے۔
تحفظِ آزادی کے احساس نے جشن کو دوبالا کر دیا ہے۔ نوجوان اور بچوں کا جوش و جذبہ قابلِ تحسین ہے، جبکہ تعلیمی ادارے اور شہری تنظیمیں بھی جشنِ آزادی سے متعلق سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ اور تمام ادارے اشتراک عمل کے ساتھ 14 اگست کی تیاریوں میں مصروف ہیں، تاکہ یہ دن تاریخی اور یادگار انداز میں منایا جا سکے، مریم اورنگزیب کے مطابق چراغاں سے شہروں کو جگمگا دیا جائے گا، فلوٹس میں آزادی کی کہانی اور قومی ہیروز کی قربانیاں اجاگر کی جائیں گی، جبکہ عوام کو اس دن کے اصل مقصد اور اہمیت سے آگاہ کرنے کے لیے تقریبات میں خصوصی پیغامات بھی دیے جائیں گے۔