ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے پاکستان کا صدر بننے کی افواہیں بے بنیاد اور حقیقت سے دور ہیں۔ برطانوی جریدے دی اکنامسٹ کو دیے گئے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ عاصم منیر ایک پیشہ ور فوجی ہیں اور ان کے صدارتی منصب کے حوالے سے گردش کرنے والی تمام باتوں میں کوئی صداقت نہیں۔ انہوں نے ان افواہوں کو قطعی طور پر رد کر دیا۔
انٹرویو کے دوران بھارت کی ممکنہ فوجی کارروائی کے بارے میں سوال پر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے سخت موقف اپنایا۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس بار بھارت نے کوئی جارحیت کی تو پاکستان کا جواب روایتی نہیں ہوگا، بلکہ ردعمل بھارت کے مشرق سے شروع ہو گا اور کارروائی بھارت کے اندر گہرائی تک جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ وہ بھی ہر جگہ نشانہ بن سکتا ہے، اور پاکستان ہر جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔