لاہور: پاکستان تحریک انصاف نے لاہور کے حلقہ این اے 129 کی خالی نشست پر ضمنی انتخاب کے لیے حماد اظہر کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ نشست ان کے والد اور پارٹی کے سینئر رہنما میاں اظہر کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی قیادت نے اس حلقے سے حماد اظہر کو امیدوار بنانے پر اصولی اتفاق کر لیا ہے۔ اگر کسی قانونی رکاوٹ کا سامنا ہوا، تو اظہر خاندان کے ہی کسی اور فرد کو نامزد کیا جائے گا۔
دوسری جانب، مسلم لیگ (ن) بھی اس اہم نشست کے لیے متحرک ہو چکی ہے۔ پارٹی کے اندر سے میاں نعمان، رانا مشہود اور مہر اشتیاق جیسے نام سامنے آ رہے ہیں جنہوں نے پارٹی ٹکٹ کے لیے لابنگ تیز کر دی ہے۔
یہ فیصلہ سازی اس وقت حتمی شکل اختیار کرے گی جب الیکشن کمیشن آف پاکستان باضابطہ طور پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کرے گا۔ اس کے بعد دونوں جماعتیں اپنے امیدواروں کا باقاعدہ اعلان کریں گی۔
لاہور کے اس حلقے کو سیاسی طور پر نہایت اہم تصور کیا جا رہا ہے، اور این اے 129 کا ضمنی انتخاب آنے والے دنوں میں دونوں بڑی جماعتوں کے لیے امتحان سے کم نہیں ہوگا۔