آئی ایس پی آر کی سمر انٹرن شپ 2025 میں 6500 سے زائد طلبہ کی شرکت، ڈی جی آئی ایس پی آر کا جذبے کو سراہنا، طلبہ کا افواجِ پاکستان سے والہانہ اظہارِ عقیدت
راولپنڈی: آئی ایس پی آر کے زیرِ اہتمام جاری سمر انٹرن شپ پروگرام 2025 بھرپور کامیابی سے جاری ہے، جس میں ملک بھر کے 33 شہروں سے تعلق رکھنے والے 6500 سے زائد طلباء و طالبات حصہ لے رہے ہیں۔ اس انٹرن شپ میں 150 سے زائد جامعات اور تعلیمی اداروں کے نوجوان شریک ہیں، جو پاکستان کی نئی نسل کے قومی شعور، حب الوطنی اور ولولے کی عکاسی کرتے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے اس موقع پر شریک طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی نوجوان نسل ملکی مستقبل کی ضامن ہے اور قوم ان پر بجا طور پر فخر کرتی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کے جذبے اور شعور کو سراہتے ہوئے انٹرن شپ کو قومی ہم آہنگی کے لیے مفید قدم قرار دیا۔
طلبہ نے اپنی گفتگو میں پاک افواج سے بھرپور عقیدت و محبت کا اظہار کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ہر سطح پر ملکی دفاع میں افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ رہیں گے۔ نوجوانوں نے دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنانے کے عہد کے ساتھ کہا کہ ہمیں اپنی فوج سے کوئی جدا نہیں کر سکتا اور دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔
طلبہ نے آپریشن "بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص” میں افواجِ پاکستان کی جانب سے بھارت کو دیے گئے جرأتمندانہ اور منہ توڑ جواب کو تاریخی قرار دیا اور کہا کہ یہ وہ باب ہے جو ہمیشہ تاریخ میں سنہری الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔
شرکاء نے پُرعزم انداز میں کہا کہ وہ کل بھی پاکستان کے ساتھ تھے، آج بھی ہیں اور مستقبل میں بھی وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے پاک افواج کے ہمقدم رہیں گے۔
یاد رہے کہ آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ ہر سال پاکستان بھر کے طلبہ و طالبات کے لیے ایک نایاب موقع فراہم کرتی ہے، جس کے ذریعے وہ ملکی سلامتی، دفاعی حکمت عملی اور قومی بیانیے سے براہِ راست متعارف ہو کر اپنے کردار کا تعین کرتے ہیں۔