این اے 117 کے عوامی نمائندوں کی استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

یوسی صدیقہ کالونی، خان پارک اور سائمن کالونی کے نمائندے آئی پی پی میں شامل، رہنماؤں کی جانب سے پرتپاک خیرمقدم

لاہور: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 117 سے تعلق رکھنے والے متعدد عوامی نمائندوں نے استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) میں شمولیت اختیار کر لی، جس سے پارٹی کو مقامی سطح پر مزید تقویت حاصل ہوئی ہے۔

latest urdu news

اس موقع پر نو شامل ہونے والے نمائندوں نے آئی پی پی کے مرکزی رہنما میاں خالد محمود، رکنِ پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی اور میاں جنید ذوالفقار سے خصوصی ملاقات کی۔

پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے نمائندوں کا تعلق لاہور کی یونین کونسل نمبر 33، صدیقہ کالونی، خان پارک، کھوکھر روڈ اور سائمن کالونی جیسے علاقوں سے ہے۔ تمام نئے شامل ہونے والوں کو استحکام پاکستان پارٹی کا پرچم پہنا کر باضابطہ طور پر خوش آمدید کہا گیا، جسے ایک علامتی مگر مؤثر قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

مرکزی رہنما میاں خالد محمود نے اس موقع پر کہا کہ پارٹی کے صدر کا انتخابی حلقہ این اے 117 ہے، جہاں استحکام پاکستان پارٹی روز بروز مضبوط ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں پارٹی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ آئی پی پی ایک مؤثر سیاسی قوت کے طور پر سامنے آ رہی ہے۔

آئی پی پی پنجاب کے جنرل سیکرٹری شعیب صدیقی نے کہا کہ پارٹی کا قافلہ دن بدن وسعت اختیار کر رہا ہے اور نوجوانوں کی بڑی تعداد میں شمولیت اس کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کا جذبہ اور نمائندوں کی وفاداری پارٹی کو آئندہ سیاسی میدان میں کامیابی کی جانب لے جا رہی ہے۔

یاد رہے کہ استحکام پاکستان پارٹی نے حالیہ مہینوں میں مختلف حلقوں سے درجنوں نمائندوں اور کارکنان کو اپنی صفوں میں شامل کیا ہے، جس سے اس کی تنظیمی طاقت اور انتخابی حیثیت کو قابلِ ذکر تقویت ملی ہے۔ حلقہ این اے 117 میں ہونے والی یہ شمولیتیں آئندہ انتخابات میں پارٹی کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کر سکتی ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter