قانون صرف غریب کیلئے نہیں، طاقتور پر بھی لاگو ہوگا، مریم نواز

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور میں پیرا فورس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تجاوزات، مہنگائی اور کرپشن کے خلاف پیرا آہنی دیوار ثابت ہوگا، اور قانون ہر ایک پر برابر لاگو ہوگا۔

لاہور، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ قانون صرف غریب کے لیے نہیں بلکہ طاقتوروں پر بھی لاگو ہونا چاہیے۔ لاہور کے ایکسپو سینٹر میں پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ کرپشن، ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری اور تجاوزات کے خلاف پیرا فورس آہنی دیوار بنے گی، اور مظلوموں کے لیے ایک مضبوط سہارا۔

latest urdu news

مریم نواز نے انکشاف کیا کہ ایک پولیس اہلکار نے ان کے بیٹے جنید کی گاڑی کو روکا اور چالان کیا، جس پر انہوں نے نہ صرف اہلکار کی تعریف کی بلکہ فون کرکے شاباش بھی دی۔ ان کا کہنا تھا کہ "وزیراعلیٰ کا بیٹا ہو یا کوئی عام شہری، قانون سب کے لیے برابر ہے۔”

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ مصنوعی مہنگائی، ناجائز قبضے اور کرپشن کا خاتمہ اب زبانی دعوؤں سے نہیں بلکہ ایک عملی اور منظم فورس کے ذریعے ممکن ہوگا۔ انہوں نے کہا، "ڈی سیز اور کمشنرز قیمتیں کنٹرول کرنے کے لیے بھاگتے ہیں، جبکہ پرائس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ آؤٹ سورس ہو چکا ہے، جس کے اہلکاروں نے کرائے پر لوگ رکھے تھے جو بھتہ لیتے تھے۔”

مریم نواز نے بتایا کہ پیرا فورس کو جدید تربیت دی گئی ہے، اور اس میں 8 ہزار سے زائد افراد پر مشتمل ایک منظم یونٹ ہوگا، جو اربوں روپے کی لاگت سے قائم کی گئی ہے۔ انہوں نے ڈی جی پیرا کیپٹن فرخ عتیق اور آئی جی پنجاب کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ فورس صرف ایک ادارہ نہیں بلکہ ایک انقلاب کی شروعات ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے عوامی خدمت کو سیاست کا مقصد قرار دیدیا

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ "بازاروں سے تجاوزات کا خاتمہ خواتین کے تحفظ کے لیے ضروری تھا، کیونکہ تنگ گلیاں ہراسمنٹ کا ذریعہ بنتی تھیں۔ اب خواتین محفوظ بازاروں میں خریداری کر سکیں گی۔”

مریم نواز نے کہا کہ پیرا فورس تجاوزات، ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور کرپشن پر مسلسل نظر رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ "قانون صرف کمزوروں پر نہیں چلنا چاہیے، جتنا بڑا خلاف ورزی کرنے والا ہوگا، پیرا کی گرفت اتنی ہی سخت ہوگی۔”

یاد رہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی "پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی” (پیرا) ایک خودمختار فورس ہے، جس کا مقصد قیمتوں پر کنٹرول، تجاوزات کا خاتمہ، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی اور عوامی فلاح کو یقینی بنانا ہے۔ یہ فورس اگلے ہفتے سے لاہور میں باقاعدہ طور پر اپنی کارروائیاں شروع کرے گی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter