ابوظہبی میں کام کرنے والے 43 سالہ محمد ناصر بلال نے 12 سال کی کوشش کے بعد ڈھائی کروڑ درہم کی بِگ ٹکٹ لاٹری جیت لی، جیت پر یقین نہ آنے کا اظہار۔
ابوظہبی، متحدہ عرب امارات میں رہائش پذیر، بنگلادیش سے تعلق رکھنے والے ایک الیکٹریشن محمد ناصر بلال کی قسمت نے ایسا پلٹا کھایا کہ وہ ایک ارب 93 کروڑ پاکستانی روپے کے مالک بن گئے۔ انہوں نے بِگ ٹکٹ لاٹری میں ڈھائی کروڑ درہم (تقریباً 1.93 ارب پاکستانی روپے) جیت کر سب کو حیران کر دیا۔
43 سالہ محمد ناصر بلال پچھلے 14 سال سے یو اے ای میں الیکٹریشن کے طور پر کام کر رہے ہیں جبکہ ان کا خاندان بنگلادیش میں مقیم ہے۔ انہوں نے 24 جون کو ابوظہبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے کاؤنٹر سے لاٹری کا ٹکٹ نمبر 061080 خریدا تھا۔ قرعہ اندازی کے موقع پر میزبان رچرڈ اور بشرا نے خوشخبری دینے کے لیے جب ان سے رابطے کی کوشش کی تو وہ فوری طور پر دستیاب نہ ہو سکے، تاہم بِگ ٹکٹ ٹیم بالآخر ان تک خوشخبری پہنچانے میں کامیاب ہو گئی۔
محمد ناصر بلال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ پچھلے 12 برس سے مسلسل ہر ماہ لاٹری ٹکٹ خریدتے رہے اور ہمیشہ ایک امید لیے خواب دیکھتے رہے کہ ایک دن وہ بھی جیت جائیں گے۔ جیتنے پر انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک وہ جو کچھ ہوا ہے، اس پر یقین نہیں کر پا رہے۔
یہ بھی پڑھیں: وینڈنگ مشین پر غلط بٹن دبانے سے شہری 50 ہزار ڈالرز جیت گیا
یاد رہے کہ بِگ ٹکٹ لاٹری یو اے ای میں دنیا بھر کے محنت کش افراد کے لیے ایک بڑی امید بن چکی ہے، جہاں لاکھوں افراد ہر مہینے قسمت آزمانے کے لیے ٹکٹ خریدتے ہیں، مگر بہت کم خوش نصیب ہی یہ انعام جیت پاتے ہیں۔ محمد ناصر بلال کی کہانی ان سب کے لیے ایک روشن مثال ہے جو خواب دیکھنے کی ہمت رکھتے ہیں۔