عمران خان اپنے ہی لوگوں کی سیاست کی وجہ سے جیل میں ہیں ، شرجیل میمن

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی ، سندھ کے سینئر صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ بانی تحریک انصاف عمران خان جیل میں اس لیے ہیں کیونکہ ان کے اپنے ساتھیوں کی سیاست نے انہیں اس انجام تک پہنچایا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران کیا، جہاں انہوں نے محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات، تعلیمی اصلاحات، روزگار، پارکنگ فیس اور سیاسی حالات پر تفصیلی گفتگو کی۔

latest urdu news

شرجیل میمن نے بتایا کہ محرم الحرام کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے خصوصی اقدامات کیے ہیں، اور وزیر اعلیٰ و وزیر داخلہ نے علمائے کرام سے ملاقاتیں بھی کی ہیں۔ سندھ بھر میں جلوسوں کے تحفظ کے لیے 49 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چنگ چی رکشہ ایسوسی ایشن کی عدالت سے رجوع کرنے کے باوجود حکومت نے قانون کے تحت 11 شاہراہوں پر ان رکشوں پر پابندی عائد کی، کیونکہ یہ ٹریفک کے سنگین مسائل پیدا کر رہے تھے، انتظامی معاملات حکومت کی ذمہ داری ہے۔

تعلیم سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم نے 93 ہزار 118 اساتذہ کو شفاف طریقے سے بھرتی کیا ہے، ان میں سے کوئی بھرتی سفارش یا سیاسی بنیاد پر نہیں ہوئی، 5 ہزار بند اسکول دوبارہ فعال ہو چکے ہیں، جبکہ سرکاری اسکولوں میں 55 لاکھ اور نجی اداروں میں 40 لاکھ بچے زیر تعلیم ہیں۔ پہلے 55 بچوں پر ایک استاد ہوتا تھا، اب 35 بچوں کے لیے ایک استاد دستیاب ہوگا۔ سندھ حکومت نے اقلیتوں کے کوٹے پر 2100 اور خصوصی افراد میں سے 1330 افراد کو بھی ملازمتیں فراہم کیں۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت صحت، تعلیم، سوشل سیکٹر اور انفراسٹرکچر کی بہتری میں باقی صوبوں سے آگے ہے۔ سیلاب کے بعد اسکولوں کی بحالی میں وفاقی حکومت سے وہ مدد نہیں ملی جس کا وعدہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بعض سابق وفاقی وزراء جو مختلف جماعتوں سے وابستہ رہے ہیں، محض اعداد و شمار کی سیاست کر رہے ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ سندھ کابینہ کے فیصلے کے مطابق کراچی میں پارکنگ فیس ختم کر دی گئی ہے، اور اب مزید کسی جگہ چارجڈ پارکنگ نہیں ہو گی۔

سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کا کام صرف منفی سیاست ہے، وہ ہمیشہ فتنے کی سیاست کرتی ہے۔ ایم کیو ایم کو اگر بلدیاتی مسائل پر درد تھا تو وہ انتخابات میں حصہ لیتے۔ ہم کسی کو بانی پی ٹی آئی کی طرح گالیاں نہیں دیں گے۔ خیبرپختونخوا میں بدترین امن و امان کی صورتحال ہے، لیکن اس کے بجائے وہاں کے لیڈر اسلام آباد پر چڑھائی کی باتیں کر رہے ہیں۔ احتجاج سب کا حق ہے، مگر ریڈ زون کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

یاد رہے کہ سندھ حکومت نے حالیہ مہینوں میں متعدد شعبوں میں اصلاحات کے دعوے کیے ہیں، بالخصوص تعلیم، صحت، روزگار اور انفراسٹرکچر میں، جبکہ اپوزیشن جماعتیں ان اقدامات پر تحفظات کا اظہار کرتی رہی ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter