پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا صدر بن گیا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان نے جولائی 2025 کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی، فلسطین پر کھلی بحث سمیت اہم عالمی معاملات ایجنڈے میں شامل۔

اسلام آباد: پاکستان نے جولائی 2025 کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی ہے، جس کا اعلان نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی روشنی میں اس ذمہ داری کو نہایت عاجزانہ اور سنجیدہ انداز میں نبھائے گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ صدارت کے دوران فلسطین کے مسئلے پر سہ ماہی کھلی بحث کی صدارت خود کریں گے اور اس ماہ دو اعلیٰ سطحی دستخطی پروگراموں کی بھی صدارت کریں گے۔

latest urdu news

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی صدارت ایسے وقت میں آئی ہے جب دنیا بھر میں تنازعات، انسانی بحران، اور جغرافیائی و تزویراتی پیچیدگیوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی کوشش ہوگی کہ سلامتی کونسل بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے مؤثر، مربوط اور فوری فیصلے کرے تاکہ عالمی امن کو درپیش خطرات سے نمٹا جا سکے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے بھی اس موقع پر کہا کہ دنیا ایک غیر یقینی اور خطرناک دور سے گزر رہی ہے۔ ایسے وقت میں پاکستان کی صدارت سلامتی کونسل کے کردار کو مزید مؤثر بنانے میں اہم ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان شفافیت، شمولیت اور مؤثریت کو فروغ دیتے ہوئے کونسل کے دیگر ارکان کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے عالمی برادری کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کرے گا۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کی یہ آٹھویں بار شمولیت ہے، اور 2013 کے بعد یہ پہلی صدارت ہے۔ پاکستان نے جنوری 2025 میں غیر مستقل رکن کے طور پر اپنی موجودہ دو سالہ مدت کا آغاز کیا تھا، جو دسمبر 2026 تک جاری رہے گی۔

یاد رہے کہ پاکستان ماضی میں بھی اقوام متحدہ میں فعال کردار ادا کرتا رہا ہے، خاص طور پر مسئلہ کشمیر، فلسطین اور عالمی امن و سلامتی سے متعلقہ امور پر مؤقف پیش کرنے میں۔ سلامتی کونسل کی موجودہ صدارت نہ صرف پاکستان کے سفارتی کردار کو اجاگر کرے گی بلکہ اہم عالمی تنازعات جیسے فلسطین، یوکرین اور مشرقِ وسطیٰ کے حالات پر عالمی توجہ مرکوز کرنے کا موقع بھی فراہم کرے گی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter