پنجاب کے 24 اضلاع کو 240 ای بسیں فراہم کرنے کا فیصلہ، شہری سہولیات دینے کا اعلان

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت خصوصی اجلاس میں صوبے کے 24 اضلاع کو ترجیحی بنیادوں پر 240 الیکٹرک بسیں فراہم کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں محکمۂ ٹرانسپورٹ کے مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی گئی اور ای بس پراجیکٹ کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وزیرِ اعلیٰ نے ہدایت کی کہ جنوبی پنجاب اور دور دراز اضلاع کو ترجیح دی جائے اور یہ کلچر ختم کیا جائے کہ ہر نئی سہولت صرف بڑے شہروں تک محدود ہو۔ انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع کو ترقی کے یکساں مواقع دیے جائیں گے اور دیہی علاقوں کو شہری سہولیات کے برابر لایا جائے گا۔

latest urdu news

پہلے مرحلے میں 240 ای بسیں 24 اضلاع کو فراہم کی جائیں گی، جبکہ اگست سے اکتوبر تک لاہور، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور اور راولپنڈی میں 500 ای بسیں شامل کی جائیں گی۔ نومبر سے دسمبر کے دوران مزید 600 ای بسیں پنجاب کے ٹرانسپورٹ نظام میں شامل ہوں گی۔ پنجاب کلین ایئر پروگرام کے تحت لاہور، ننکانہ، قصور اور شیخوپورہ کو 400 الیکٹرک بسیں فراہم کی جائیں گی۔

اجلاس میں گوجرانوالہ بی آر ٹی پراجیکٹ پر بھی غور کیا گیا۔ 22 کلومیٹر طویل روٹ پر 28 اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے، جسے گکھڑ منڈی تک توسیع دینے پر بھی سوچ بچار جاری ہے۔ اس کے علاوہ 80 فیڈر بسیں مضافات سے شہر کو جوڑنے کے لیے چلائی جائیں گی۔

فیصل آباد میں ریڈ لائن اور اورنج لائن منصوبوں پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جہاں یومیہ لاکھوں مسافروں کو ٹرانسپورٹ کی جدید سہولیات دستیاب ہوں گی۔ وزیرِ اعلیٰ نے تمام منصوبوں پر بروقت عمل درآمد کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام اضلاع میرے لیے برابر ہیں اور ترقی سب کا حق ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter