بیوہ خواتین کو صرف ہمدردی نہیں، حق اور سہارا بھی دے رہے ہیں، وزیراعلیٰ مریم نواز

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

عالمی یومِ بیوہ پر مریم نواز کا پُر اثر پیغام، ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ اور ’’ہونہار اسکالرشپ‘‘ جیسے پروگراموں میں بیوہ خواتین اور ان کے بچوں کو خصوصی ترجیح دینے کا اعلان

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بیوہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ایک جذباتی اور بامعنی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیوہ خواتین کو صرف لفظی ہمدردی نہیں، بلکہ عملی سہارا اور ان کا حق دینا ہماری ریاستی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے بیوہ خواتین کو نہ صرف عزت اور وقار دیا بلکہ ان کے مکمل حقوق کا تحفظ بھی لازم قرار دیا ہے۔

latest urdu news

مریم نواز نے کہا کہ دنیا بھر میں، بالخصوص کشمیر، غزہ اور اب ایران جیسے علاقوں میں جاری جنگوں کے نتیجے میں ہزاروں خواتین بیوہ ہو رہی ہیں، جو انسانی ضمیر کے لیے ایک تلخ سوال بن چکی ہیں۔ ان مظلوم عورتوں کو محض ہمدردی کی زبان سے نہیں، بلکہ عملی طور پر سہارا دے کر معاشرے کا فعال حصہ بنانا ہوگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ حکومت پنجاب ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پروگرام کے تحت بیوہ خواتین اور سنگل مدرز کو خصوصی ترجیح دے رہی ہے تاکہ انہیں ایک باوقار اور محفوظ زندگی میسر آ سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ ان خواتین کے بچوں کو "ہونہار اسکالرشپ پروگرام” میں بھی اولین ترجیح دی جا رہی ہے تاکہ تعلیم کی راہ میں غربت یا محرومی حائل نہ ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ ویمن پروٹیکشن اتھارٹی اور محکمہ سوشل ویلفیئر کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ ہر بیوہ خاتون کی مکمل معاونت کریں، انہیں تنہا نہ چھوڑا جائے، اور ہر سرکاری سہولت ان تک بروقت پہنچائی جائے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ میرا عزم ہے کہ پنجاب کی کوئی بیوہ خود کو اکیلا محسوس نہ کرے، ریاست اس کے ساتھ کھڑی ہو۔

یاد رہے کہ عالمی سطح پر ہر سال 23 جون کو بیوہ خواتین کا دن منایا جاتا ہے تاکہ معاشرے میں ان کے مسائل، محرومیوں اور حقوق کو اجاگر کیا جا سکے۔ پاکستان میں یہ دن غربت، جنگ، اور سماجی ناانصافی سے متاثرہ لاکھوں خواتین کی زندگیوں کی طرف توجہ دلانے کا ذریعہ بنتا ہے، اور وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ پیغام ان کے حقوق کے تحفظ کی ریاستی یقین دہانی تصور کیا جا رہا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter