جڑانوالہ: وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملکی معیشت مستحکم ہو چکی ہے اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے وہ ترقیاتی کام کیے ہیں جو ماضی میں کبھی نہیں ہوئے۔ وہ جڑانوالہ میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت 1281 سینیٹری ورکرز میں فی کس 10 ہزار روپے کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو چاہیے کہ وہ ایسے نمائندوں کو ووٹ دیں جو کام کرتے ہیں، کیونکہ ترقی کا خواب تبھی ممکن ہے جب ہر فرد اپنی ذمہ داری ادا کرے۔ پنجاب کے ہر گاؤں میں صفائی کا مربوط نظام موجود ہے، جبکہ کراچی اور کوئٹہ جیسے بڑے شہروں میں کوڑا تک اٹھانے والا کوئی نہیں۔ طلال چودھری کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز پنجاب کو ماڈل صوبہ بنانے کے لیے دن رات کوشاں ہیں اور عوام کو ہر سطح پر مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔
وزیرِ مملکت نے کہا کہ فیصل آباد میں دنیا کا بہترین سیف سٹی پروجیکٹ اپنی تکمیل کے قریب ہے، جو پنجاب میں جدید نگرانی اور سیکیورٹی نظام کا حصہ ہوگا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اٹک سے لے کر رحیم یار خان کے آخری گاؤں تک صفائی کا ایک مربوط نظام متحرک ہے، جو صرف مسلم لیگ (ن) کے ویژن کی بدولت ممکن ہوا۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت اس وقت وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز کے ہاتھ میں ہے، جن کے بارے میں پارٹی رہنماؤں کا دعویٰ ہے کہ وہ ملک کو ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن کر رہے ہیں، خصوصاً معیشت، صحت، اور بنیادی سہولیات کے شعبوں میں۔