رواں سال کا طویل ترین دن آج، ملک بھر میں موسم خوشگوار، بارشوں کی پیشگوئی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

21 جون 2025 کو شمالی نصف کرے میں سال کا سب سے طویل دن اور مختصر رات ہے، ملک کے مختلف شہروں میں بادلوں کا راج اور ہلکی بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا۔

کراچی، آج 21 جون 2025 کو رواں سال کا سب سے طویل دن اور سب سے مختصر رات ہے۔ ماہرِ فلکیات پروفیسر ڈاکٹر محمد جاوید اقبال کے مطابق، آج دن کا دورانیہ 13 گھنٹے 41 منٹ جبکہ رات کا دورانیہ 10 گھنٹے 19 منٹ ہوگا۔ یہ دن شمالی نصف کرے میں سال کا سب سے طویل ترین دن ہوتا ہے، جس کے بعد یکم جولائی سے دن کے دورانیے میں کمی آنا شروع ہو جاتی ہے، اور 22 ستمبر کو دن اور رات کا دورانیہ تقریباً برابر ہو جاتا ہے۔

latest urdu news

فلکیاتی لحاظ سے سورج کی زمین کے گرد حرکت کے باعث، جب سورج خطِ استوا سے شمال کی طرف جھک جاتا ہے تو شمالی نصف کرے میں گرمیوں کا آغاز ہوتا ہے اور دن لمبے ہو جاتے ہیں۔ اسی جھکاؤ کے باعث آج سورج زیادہ دیر تک افق پر موجود رہے گا۔ ماہرین کے مطابق، اگلے تین دنوں تک طلوعِ آفتاب کا وقت تقریباً ایک جیسا رہے گا، جبکہ غروبِ آفتاب کے وقت میں معمولی رد و بدل آتا رہے گا۔

دوسری جانب، آج کا موسم بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں خوشگوار ہو گیا ہے۔ کراچی میں صبح سویرے ہلکی بوندا باندی ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ شہر میں دن بھر جزوی طور پر ابر آلود موسم اور ہلکی بوندا باندی کا امکان ہے۔

لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور دیگر شہروں میں بھی بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، جس سے درجہ حرارت میں واضح کمی محسوس کی جا رہی ہے۔ رات گئے بارش کے باعث راولپنڈی اور اسلام آباد میں گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے، جن میں لاہور، فیصل آباد، جھنگ، سیالکوٹ، نارووال، سرگودھا، ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، پشاور، مردان، صوابی اور گردونواح شامل ہیں۔ اسی طرح کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ 21 جون کا دن فلکیاتی لحاظ سے انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے، اور یہ دن نہ صرف سورج کی زیادہ موجودگی کی علامت ہے بلکہ کئی ثقافتوں میں فطرت کے جشن کے طور پر بھی منایا جاتا ہے، جبکہ پاکستان میں اس دن کا امتزاج بارش اور خوشگوار موسم کے ساتھ خاص لطف دے رہا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter