وزیرِ اعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر پاکستان کے معروف اتھلیٹ ارشد ندیم کے نام سے منسوب اسپورٹس اکیڈمی کے قیام کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ یہ جدید سہولیات سے آراستہ اکیڈمی اسلام آباد کے جناح اسٹیڈیم میں تعمیر کی جائے گی، جہاں نوجوان کھلاڑیوں کو 2028ء اولمپکس سمیت بین الاقوامی مقابلوں کے لیے تربیت فراہم کی جائے گی۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق منصوبے کی مجموعی لاگت 2 ارب 85 کروڑ 26 لاکھ روپے رکھی گئی ہے، جب کہ ہائی پرفارمنس اسپورٹس اکیڈمی کے لیے ابتدائی طور پر 30 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ وزیرِ اعظم نے ارشد ندیم کے اعزاز میں اسلام آباد میں ایف-9 اور ایف-10 کے درمیان واقع ایک مرکزی سڑک کا نام "ارشد ندیم روڈ” رکھنے کا بھی اعلان کیا ہے، جو نہ صرف ان کی خدمات کا اعتراف ہے بلکہ نوجوانوں کے لیے ایک تحریک بھی ہو گا۔
یہ اقدامات ملک میں کھیلوں کے فروغ اور بین الاقوامی معیار کی ایتھلیٹک تربیت کے لیے سنگ میل ثابت ہوں گے، جس سے پاکستان کے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے میں مدد ملے گی۔