اسلام آباد ، عید الاضحی کی چھٹیوں کے دوران بھی ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر جاری رہے گی۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 7 سے 12 جون کے دوران پاکستان کے بیشتر علاقے معمول سے کہیں زیادہ درجہ حرارت کی لپیٹ میں رہیں گے۔
محکمہ موسمیات کی تازہ پیش گوئی کے مطابق وسطی اور بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
بالائی و وسطی سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے علاقے بھی گرمی کی شدت سے محفوظ نہیں ہوں گے، جہاں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق ملک کے میدانی علاقے شدید گرمی اور خشک موسم کی لپیٹ میں رہیں گے، گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت بلوچستان کے شہر سبی میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو اس شدید موسمی صورتحال کی عکاسی کرتا ہے۔
محکمہ موسمیات اور ماہرین صحت نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ عید کی تعطیلات کے دوران بلا ضرورت باہر نکلنے سے گریز کریں، خاص طور پر دوپہر کے اوقات میں، پانی اور مشروبات کا زیادہ استعمال کریں، ہلکے کپڑے پہنیںاور بزرگوں و بچوں کو گرمی سے بچانے کے لیے خصوصی احتیاط برتیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جاری شدید گرمی کی لہر نہ صرف شہریوں کی روزمرہ زندگی بلکہ زرعی سرگرمیوں اور بجلی کی طلب پر بھی اثر ڈال سکتی ہے، جس کے پیش نظر تمام اداروں کو پیشگی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔