گورنر پنجاب نے متعدد اہم بلز کی منظوری دے دی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے پنجاب اسمبلی سے منظور شدہ مختلف تعلیمی، سیکیورٹی، اور انتظامی بلز کی منظوری دے دی، تمام بلز فوری طور پر نافذ العمل ہو گئے۔

latest urdu news

لاہور، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے پنجاب اسمبلی سے منظور شدہ کئی اہم بلز کی منظوری دے دی ہے جن میں تعلیمی اداروں کے قیام، پولیس آرڈر میں ترامیم، موٹر وہیکل، اسلحہ، انسداد دہشت گردی، اور دیگر اہم شعبوں سے متعلق قوانین شامل ہیں،گورنر کی منظوری کے بعد یہ تمام بل ایکٹ کی شکل اختیار کر گئے ہیں اور پورے صوبہ پنجاب میں فوری طور پر نافذ العمل ہو چکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب نے امپیریل ٹیوٹوریل کالج یونیورسٹی بل 2025، مکبر یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی گجرات بل 2025، لیڈز یونیورسٹی ترمیمی بل 2025 اور پولیس آرڈر ترمیمی بل 2025 سمیت متعدد تعلیمی اور قانونی ترامیمی بلز کی توثیق کر دی۔

واضح رہے کہ یہ بلز چند روز قبل پنجاب اسمبلی میں بغیر اپوزیشن کی موجودگی کے منظور کیے گئے تھے، جس کی تفصیلات اس خبر میں ملاحظہ کی جا سکتی ہیں۔

مزید برآں، گورنر نے نیشنل کالج آف بزنس ایڈمنسٹریشن اینڈ اکنامکس لاہور ترمیمی بل، ٹائمز انسٹیٹیوٹ ملتان بل، ابوا یونیورسٹی فیصل آباد بل، انٹی ٹیررازم ترمیمی بل، پنجاب موٹر وہیکل (پہلی، دوسری، تیسری ترمیم)، پنجاب آرمز ترمیمی بل، اور جوڈیشل اکیڈمی ترمیمی بل بھی منظور کیے۔

اس کے علاوہ پنجاب فنانشل ایڈوائزری سروسز بل 2025، پنجاب فرٹیلائزر کنٹرول بل، پراونشل ایمپلائیز سوشل سکیورٹی ترمیمی بل، اور سٹیمپ ترمیمی بل 2025 کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ ان بلز کا مقصد صوبائی سطح پر مؤثر انتظامی، تعلیمی اور سیکیورٹی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

یاد رہے کہ آئینی اختیار کے تحت گورنر پنجاب کو اسمبلی سے منظور شدہ بلز کی منظوری دینا ہوتی ہے، جس کے بعد وہ قانون کی حیثیت اختیار کر لیتے ہیں۔ ان نئے بلز کا اطلاق فوری طور پر پورے پنجاب میں نافذ العمل ہو چکا ہے، جو مختلف شعبوں میں اصلاحات اور بہتری کی راہ ہموار کریں گے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter