پاراچنار میں اپر اور سینٹرل کرم کے قبائل کے درمیان ایک اہم اور تاریخی امن معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کا مقصد برسوں سے جاری دشمنیوں اور خونی تنازعات کا خاتمہ ہے،یہ معاہدہ ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی طے پایا، جس سے علاقے میں دیرپا امن قائم ہونے کی امید پیدا ہو گئی ہے۔
امن معاہدے کی تقریب میں ڈپٹی کمشنر اشفاق احمد، ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام، قبائلی عمائدین اور فریقین کے نمائندے شریک ہوئے۔
ڈپٹی کمشنر اشفاق احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فریقین کے درمیان ہونے والا یہ معاہدہ ضلع کرم میں قیامِ امن کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ان کے مطابق یہ ضلع میں ہونے والا تیسرا امن معاہدہ ہے، جبکہ دیگر علاقوں میں بھی مزید معاہدوں پر کام جاری ہے تاکہ عشروں سے جاری کشیدگی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں زمین اور دیگر تنازعات کی بنیاد پر قبائل کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں جن میں درجنوں افراد جاں بحق اور سینکڑوں زخمی ہوئے، اس معاہدے سے نہ صرف خونریزی رُکے گی بلکہ مقامی آبادی کو سکھ کا سانس لینے کا موقع ملے گا۔
قبائلی عمائدین نے معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا، ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں امن و استحکام کے لیے وہ ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے اور آئندہ تمام تنازعات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کو ترجیح دی جائے گی۔
یاد رہے کہ کرم ایجنسی میں کئی دہائیوں سے قبائلی دشمنیاں اور علاقائی جھگڑے شدت اختیار کرتے رہے ہیں، جنہوں نے نہ صرف مقامی آبادی کو نقصان پہنچایا بلکہ علاقے کی ترقی کو بھی بری طرح متاثر کیا، موجودہ معاہدہ نہ صرف دیرینہ دشمنیوں کے خاتمے کی جانب پیش رفت ہے بلکہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کی ایک بڑی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔