ریاض، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں مسئلہ فلسطین پر سعودی عرب کی عالمی سطح پر غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا گیا، سعودی میڈیا کے مطابق کابینہ نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ان کے جائز حقوق کی بحالی کے لیے سفارتی سطح پر بھرپور آواز بلند کی جاتی رہے گی۔
اجلاس میں غزہ کی تباہ کن صورتحال اور مسلسل اسرائیلی جارحیت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا، سعودی کابینہ نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ انسانی بنیادوں پر امداد کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائے اور اسرائیل کو بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے باز رکھنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔
سعودی حکام نے اجلاس میں اس بات پر زور دیا کہ اسرائیل بین الاقوامی انسانی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی مکمل پاسداری کرے، اور فلسطینی عوام کو ان کے جائز قومی حقوق فراہم کیے جائیں، جن میں آزاد ریاست کا قیام سرفہرست ہے۔
اجلاس میں واضح کیا گیا کہ سعودی عرب نے حالیہ ہفتوں میں فلسطینی کاز کے دفاع کے لیے متعدد بین الاقوامی فورمز پر فعال کردار ادا کیا ہے اور غزہ میں جاری انسانی بحران پر عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کی بھرپور سفارتی کوششیں کی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ سعودی عرب طویل عرصے سے مسئلہ فلسطین کو عالم اسلام کا مرکزی مسئلہ قرار دیتا آ رہا ہےاور حالیہ جنگ میں بھی اس نے مستقل طور پر جنگ بندی، انسانی امداد کی فراہمی اور فلسطینیوں کے حقوق کی بحالی کے لیے عالمی سطح پر آواز بلند کی ہے۔