اسلام آباد: ملک کے مختلف علاقوں میں طوفانی ہواؤں، آندھی اور بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا، تاہم کئی مقامات پر نقصانات بھی رپورٹ ہوئے ہیں، جب کہ قراقرم ہائی وے سیلابی ریلے کے باعث بند ہو گئی۔
اسلام آباد میں الرٹ
وفاقی دارالحکومت میں ضلعی انتظامیہ متحرک ہے، تمام بڑے بل بورڈز ہٹانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں جبکہ نشیبی علاقوں پر خصوصی نگرانی کی جا رہی ہے۔
ٹیکسلا اور واہ کینٹ
تیز آندھی اور بارش کے بعد بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا۔
عیسیٰ خیل
گردونواح میں ہلکی بارش اور تیز ہوا سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
حسن ابدال
صرافہ بازار میں ایک دکان کی چھت کی دیوار کا کچھ حصہ گر گیا، معمولی نقصان رپورٹ ہوا۔
فتح جنگ
گرج چمک کے ساتھ شدید بارش، طوفان کے باعث شہر میں اندھیرا چھا گیا اور بجلی بند ہو گئی۔
مری
موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع، محکمہ موسمیات نے یکم جون تک مزید طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، بجلی کا نظام متاثر۔
ایبٹ آباد اور گلیات
سیاحتی علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری، ضلعی انتظامیہ نے لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر گاڑیوں کو محفوظ مقامات پر پارک کرنے کی ہدایت کی ہے۔
کوہستان
لوئر اور اپر کوہستان میں بارشوں کے دوران سیلابی ریلے نے جیجال بازار کا رخ کیا، قراقرم ہائی وے مختلف مقامات پر بند ہو گئی۔
وادی نیلم
اٹھمقام، شاردہ، اڑنگ کیل سمیت متعدد سیاحتی مقامات پر شدید بارش ریکارڈ کی گئی، موسم خوشگوار ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک ملک کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں مزید بارشوں اور طوفانی ہواؤں کا امکان ہے، شہریوں اور سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔