نئی دہلی، بھارتی اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے سینئر رہنما راہول گاندھی نے ایک بار پھر مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس کی خارجہ پالیسی کو مکمل طور پر ناکام قرار دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، راہول گاندھی نے پاک-بھارت کشیدگی کے تناظر میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” پر وزیر خارجہ ایس جے شنکر کو مخاطب کرتے ہوئے کئی سخت سوالات اٹھائے۔ ان کا کہنا تھا: "پاکستان کے خلاف کسی بھی ملک نے بھارت کا ساتھ کیوں نہیں دیا؟”
راہول گاندھی نے یہ بھی پوچھا کہ 2019 میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت اور پاکستان کے درمیان ثالثی کی پیشکش کی تھی، تو کیا وزیر خارجہ یہ واضح کریں گے کہ ثالثی کی درخواست کس نے کی تھی؟
کانگریس رہنما کا کہنا تھا کہ خارجہ محاذ پر مودی حکومت کی مسلسل ناکامیاں بھارت کو عالمی سطح پر تنہائی کی طرف دھکیل رہی ہیں، جو ملک کے وقار اور ساکھ کے لیے شدید نقصان دہ ہے۔
راہول گاندھی پہلے بھی مودی حکومت کی چین، نیپال اور سری لنکا کے ساتھ تعلقات پر پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں، تاہم اس بار انہوں نے براہِ راست خارجہ پالیسی کی ناکامی کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر خارجہ سے کھلے عام سوالات کیے ہیں۔
یاد رہے کہ 2019 میں صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے ان سے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی درخواست کی تھی، جس پر بھارت میں شدید سیاسی ردعمل دیکھنے میں آیا تھا۔ بھارتی وزارت خارجہ نے تاحال راہول گاندھی کے حالیہ سوالات پر کوئی باضابطہ جواب نہیں دیا۔