چینی کمیونسٹ پارٹی کے وزیر سے ملاقات
پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے سرکاری دورہ چین کے دوران بیجنگ میں چینی کمیونسٹ پارٹی کے اعلیٰ عہدیدار لیو جیان چاؤ سے اہم ملاقات کی، اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
سیاسی جماعتوں کے درمیان روابط بڑھانے پر اتفاق
ملاقات کے دوران یہ طے پایا کہ دونوں ممالک کی سیاسی جماعتیں، بالخصوص پاکستان کی حکومتی جماعتیں اور چینی کمیونسٹ پارٹی، باہمی رابطوں کو مزید فروغ دیں گی تاکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان مفاہمت اور دوستی کو مضبوط کیا جا سکے۔
پاکستان چین دوستی ناقابلِ شکست ہے، اسحاق ڈار
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنی ’آہنی دوستی‘ کو نہ صرف قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے بلکہ اسے مزید وسعت دینے کا خواہاں بھی ہے، انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد، تعاون اور حمایت کو علاقائی امن و ترقی کے لیے ضروری قرار دیا۔
چین کی حمایت جاری رہے گی، لیو جیان چاؤ
چینی وزیر لیو جیان چاؤ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ چین پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا پختہ حامی ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ چین کے لیے ایک اہم شراکت دار رہا ہے اور یہ تعلق ہر موسم میں قائم و دائم رہے گا۔
مزید اعلیٰ سطحی ملاقاتیں متوقع
دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار جلد چینی ہم منصب سے بھی ملاقات کریں گے، جہاں پاک بھارت تعلقات، افغان صورتحال اور عالمی امور پر بات چیت متوقع ہے، علاوہ ازیں، پاکستان، چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کی سہ فریقی ملاقات بھی شیڈول ہے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار چین کے سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچے جہاں انہوں نے چینی قیادت سے دوطرفہ تعلقات، علاقائی سیکیورٹی اور سیاسی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔