نئی دہلی: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پہلگام حملوں پر پہلی بار عوامی سطح پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ آوروں اور سازش کرنے والوں کو ایسی سزا دی جائے گی جس کا وہ تصور بھی نہیں کر سکتے۔
جمعرات کے روز بہار میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے کہا، ’’میں بہت صاف لفظوں میں کہنا چاہتا ہوں کہ جنھوں نے یہ حملہ کیا ہے، ان دہشت گردوں اور سازش کرنے والوں کو ان کی سوچ سے بھی بڑی سزا ملے گی، اور یہ سزا ضرور دی جائے گی۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو پوری دنیا میں تلاش کرے گا۔ ’’ہندوستان ہر دہشت گرد اور ان کے پشت پناہوں کی شناخت کرے گا، ان کا پیچھا کرے گا اور انہیں سزا دے گا۔ ہم زمین کے آخری کونے تک ان کا تعاقب کریں گے۔ دہشت گردی کبھی بھارت کے عزم کو نہیں توڑ سکتی۔‘‘
وزیراعظم مودی نے اس موقع پر اُن عالمی ممالک کا بھی شکریہ ادا کیا جو پہلگام واقعے کے بعد بھارت کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا، ’’ہم ان ممالک کے رہنماؤں کے شکر گزار ہیں جو اس مشکل وقت میں ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ تین روز قبل مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں فائرنگ کے واقعے میں 26 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے، جس کا الزام بھارت نے بغیر کسی تحقیق کے پاکستان پر عائد کیا ہے۔ اس واقعے کے بعد بھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کر دیا ہے اور پاکستان کے ساتھ سفارتی و عوامی روابط میں شدید تناؤ پیدا ہو چکا ہے۔