نوشہرہ میں ایکسائز موبائل سکواڈ پر حملہ کر کے 2 کانسٹیبل اور ڈرائیور کو شہید کر دیا گیا۔
ایکسائز پولیس کے مطابق جی ٹی روڈ پر تارو پبی کے علاقے میں نامعلوم حملہ آوروں نے ایکسائز موبائل سکواڈ پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دو کانسٹیبل اور ڈرائیور جاں بحق ہو گئے، جبکہ ایک سب انسپکٹر شدید زخمی ہو گیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں کانسٹیبل افتخار اور مجاہد شامل ہیں۔
حکام نے بتایا کہ سب انسپکٹر فاروق کو 5 گولیاں لگیں اور اسے زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس نے حملہ آوروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی اور اسے انتہائی افسوسناک قرار دیا، انہوں نے کہا کہ ایکسائز فورس صوبے میں منشیات کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے اور اس کی قربانیوں کو سراہا۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے واقعے کی سخت مذمت کی اور پولیس کو ملوث ملزمان کی گرفتاری کی ہدایت کی، انہوں نے شہید اہلکاروں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمی اہلکار کی جلد صحت یابی کی دعا کی، علی امین گنڈاپور نے کہا کہ سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور حکومت ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔
