پارٹی آج بھی کسی قسم کی ڈیل کی متلاشی نہیں ہے ، رؤف حسن

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 

latest urdu news

اسلام آباد، پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما رؤف حسن نے واضح کیا ہے کہ پارٹی آج بھی کسی قسم کی ڈیل کی تلاش میں نہیں ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سینیٹر اعظم سواتی جو کوششیں کر رہے ہیں، ان پر میری ذاتی رائے ہے کہ یہ موضوع عوامی سطح پر زیرِ بحث نہیں آنا چاہیے، وہ پارٹی کا حصہ ہیں اور جو بھی اقدام کریں گے، وہ پی ٹی آئی کے دائرہ اختیار کے اندر رہ کر کریں گے۔

رؤف حسن نے کہا کہ تحریک انصاف بدستور آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ریاستی اداروں سے بات چیت کے لیے تیار ہے، لیکن کسی خفیہ مفاہمت یا ڈیل کی خواہشمند نہیں۔ اگر عمران خان کسی سمجھوتے کے حق میں ہوتے تو وہ گزشتہ دو سال سے قید میں نہ ہوتے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ حالیہ دنوں میں بھی پی ٹی آئی کے بانی کو مختلف پیشکشیں کی گئی ہیں، تاہم ہماری ترجیحات اصولی ہیں۔ ہمارے لیے بات چیت کے دروازے ہمیشہ کھلے رہے ہیں، اور آئندہ بھی رہیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارٹی کے اندر کوئی اختلافات موجود نہیں، البتہ مختلف آرا ضرور پائی جاتی ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کی حمایت سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ 15 تاریخ کو صورتحال واضح ہو جائے گی، تاہم اگر وہ ساتھ نہ بھی دیں تو تحریک انصاف اپنی عوامی تحریک کا آغاز کر دے گی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کو دہشتگردی سے بچانے کے لیے ایک مضبوط دیوار کی مانند کھڑا ہے اور یہ عالمی خطرہ مل کر ہی ختم کیا جا سکتا ہے ، انہوں نے زور دیا کہ عالمی برادری کو پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کرنا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی کانگریس اراکین کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا ، وفد میں کانگریس مین جیک برگمین، ٹام سوزی اور جوناتھن جیکسن شامل تھے، ملاقات میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری ، قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر اور سیکریٹری داخلہ خرم آغا بھی موجود تھے۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter