رمضان کے بعد بھی ریلیف نہیں، گوشت اور مرغی کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے باہر

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 

latest urdu news

راولپنڈی: رمضان المبارک کے اختتام کے باوجود مہنگائی کا جن بوتل میں بند نہ ہو سکا۔ گوشت اور مرغی کی قیمتیں ملک کے مختلف شہروں میں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، جبکہ سرکاری نرخ نامے کہیں دکھائی نہیں دیتے۔

راولپنڈی میں برائلر چکن کا گوشت 880 سے 900 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ زندہ مرغی کی سرکاری قیمت 412 روپے فی کلو مقرر ہے، لیکن مارکیٹ میں یہ 540 سے 580 روپے میں دستیاب ہے،پنجاب حکومت نے صرف زندہ مرغی کے نرخ مقرر کیے ہیں، جس کا فائدہ تاجروں نے بھرپور طریقے سے اٹھایا ہے۔

بڑے گوشت کی سرکاری قیمت 800 روپے فی کلو مقرر ہے مگر بازار میں یہ 1400 سے 1500 روپے میں مل رہا ہے، جبکہ بکرے کا گوشت جو سرکاری طور پر 1600 روپے فی کلو ہونا چاہیے، مارکیٹ میں 2200 سے 2300 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔

کراچی میں بھی حالات مختلف نہیں،بکرے کا گوشت 2000 روپے کے سرکاری نرخ کے بجائے 2500 سے 2800 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے، مرغی کا گوشت بھی 650 روپے کے بجائے 750 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔

پشاور میں بھی عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے، بڑے گوشت کی قیمت 1200 روپے، مٹن 2200، دودھ 240 اور دہی 250 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے، مرغی کی قیمت 550 روپے فی کلو ہے، جبکہ پھل اور سبزیوں کی قیمتوں میں بھی کمی نہ آ سکی۔

عام شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں اور حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ مصنوعی مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

 

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter