سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ: شادی شدہ بیٹی بھی والد کی جگہ سرکاری ملازمت کی حق دار قرار

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 

latest urdu news

اسلام آباد، سپریم کورٹ نے سرکاری ملازم کی وفات کے بعد بیٹی کو ملازمت سے محروم کرنے کے خلاف کیس کا تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے اسے والد کے عہدے پر ملازمت کے لیے اہل قرار دے دیا۔

جسٹس منصور علی شاہ نے 9 صفحات پر مشتمل فیصلہ تحریر کیا، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ شادی کے بعد بھی عورت کی شناخت، اس کے قانونی اختیارات اور خودمختاری ختم نہیں ہوتی۔

عدالت نے مرحوم سرکاری ملازم کے کوٹے پر شادی شدہ بیٹی کو ملازمت نہ دینے کے عمل کو غیر آئینی اور امتیازی سلوک قرار دیا،فیصلے میں کہا گیا کہ خیبرپختونخوا سول سرونٹس رولز کے مطابق، انتقال یا طبی بنیادوں پر ریٹائرڈ سرکاری ملازم کے تمام بچے ملازمت کے اہل ہوتے ہیں، چاہے وہ شادی شدہ ہوں یا نہیں۔

سپریم کورٹ نے اس بات پر زور دیا کہ کسی سیکشن افسر کی جانب سے ایک وضاحتی نوٹ کے ذریعے قواعد میں تبدیلی لانا قانوناً درست نہیں، اور اس طرح کی انتظامی ہدایات آئینی اصولوں سے بالاتر نہیں ہو سکتیں۔

فیصلے میں مزید کہا گیا کہ شادی کی بنیاد پر بیٹیوں کو والد کے کوٹے سے خارج کرنا آئین کے آرٹیکل 25 (برابری کا حق)، آرٹیکل 27 (ملازمت میں مساوات) اور آرٹیکل 14 (انسانی وقار) کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ عورت کی قانونی حیثیت اور مالی خودمختاری شادی کے بندھن سے مشروط نہیں ہونی چاہیے۔ آئین ہر شہری کو انفرادی حیثیت میں حقوق عطا کرتا ہے، نہ کہ اس کے سماجی یا خاندانی کردار کی بنیاد پر۔

سپریم کورٹ نے اسلامی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلام عورت کو جائیداد، آمدنی اور مالی فیصلوں میں مکمل اختیار دیتا ہے،پاکستان خواتین کے خلاف ہر قسم کے امتیازی سلوک کے خاتمے کے عالمی معاہدے کا بھی دستخط کنندہ ہے، جس کے تحت شادی کی بنیاد پر ملازمت میں امتیاز ممنوع ہے۔

فیصلے میں عدالت نے زور دیا کہ "صنفی انصاف” کے اصولوں کو اپنانا وقت کی ضرورت ہے، اور اداروں کو ایسی روایات ختم کرنی چاہئیں جو خواتین کو شادی کے بعد ان کے حقوق سے محروم کرتی ہیں،عدالتوں اور سرکاری محکموں کو چاہیے کہ وہ اپنے بیانات اور فیصلوں میں غیرجانبدار اور صنفی لحاظ سے حساس زبان استعمال کریں۔

سپریم کورٹ نے متعلقہ محکمہ کو ہدایت کی کہ وہ درخواست گزار خاتون کو تمام سابقہ مراعات کے ساتھ فوری طور پر بحال کرے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter