واشنگٹن، امریکی صدارتی دفتر وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولائن لیوٹ نے بھارت کی جانب سے امریکی زرعی مصنوعات پر 100 فیصد ٹیرف عائد کرنے کو غیر منصفانہ قرار دیا ہے۔
ترجمان کے مطابق بھارت کی اس پالیسی نے امریکی زرعی مصنوعات کی برآمدات کو شدید متاثر کیا ہے، جو امریکا کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے۔
کیرولائن لیوٹ کا کہنا تھا کہ امریکی مصنوعات پر زیادہ محصولات عائد کرنے سے برآمدات میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یورپی یونین نے امریکی دودھ کی مصنوعات پر 50 فیصد، جاپان نے امریکی چاول پر 700 فیصد، جبکہ کینیڈا نے مکھن اور پنیر پر 300 فیصد ٹیرف عائد کر رکھا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ2اپریل سے نافذ کیے جانے والے نئے محصولات بڑے پیمانے پر ہوں گے، جنہیں امریکی معیشت کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب غیر ملکی میڈیا کے مطابق، اسرائیلی فوج نے صبح غزہ پر تازہ حملے کیے، جن کے نتیجے میں 17 فلسطینی شہید ہوگئے۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ فوج جنوبی رفح سمیت غزہ میں اپنی زمینی کارروائیاں تیز کر رہی ہے۔
گزشتہ روز، غزہ کی وزارت صحت نے 24 گھنٹوں میں 41 فلسطینیوں کی شہادت کی تصدیق کی تھی اور بتایا تھا کہ 18 مارچ سے دوبارہ شروع ہونے والے اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد1 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
