سیالکوٹ،وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے حوالے سے پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ عمران خان کو پے رول پر لایا جائے۔
سیالکوٹ میں نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کے دوران خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی نے یہ بات براہ راست نہیں کہی، لیکن وہ بانی کی شمولیت کو لازمی قرار دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سانحہ جعفر ایکسپریس پر پروپیگنڈا کر رہی ہے، جبکہ کئی دن گزرنے کے باوجود عمران خان نے اس واقعے کی مذمت تک نہیں کی۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی جیل سے مضامین، پریس ٹاک اور بیانات جاری کرتے ہیں، لیکن ایک قومی سانحے پر خاموش ہیں۔
دوسری جانب لاہور میں تاریخی ورثے کی بحالی اور تحفظ کے لیےلاہور اتھارٹی فار ہیریٹیج ریوائیول(لہر) کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے، نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں اس اتھارٹی کے قیام کی منظوری دی گئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق، محمد نواز شریف” لہر “کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے پیٹرن انچیف ہوں گے، جبکہ متعلقہ افسران پر مشتمل ایک ذیلی فنکشنل کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے،اجلاس میں لاہور کے تاریخی مقامات سے تجاوزات ہٹانے اور متاثرہ افراد کو متبادل جگہ فراہم کرنے پر اتفاق ہوا، جبکہ نواز شریف نے متاثرین کو معاوضہ ادا کرنے کی ہدایت کی۔
