اسلام آباد، وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ انسانی اسمگلنگ جیسے مکروہ کاروبار کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا چاہیے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے ایف آئی اے اور انٹیلی جنس بیورو کے افسران نے ملاقات کی، جس میں انہوں نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ججا گینگ کے سرغنہ عثمان ججا کی گرفتاری پر ایف آئی اے اور آئی بی کے افسران و اہلکاروں کی کاوشوں کو سراہا اور ہر اہلکار کو 10، 10 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا۔
یاد رہے کہ عثمان ججا 2024 میں یونان کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی اموات کے اہم ملزمان میں شامل تھا، وزیراعظم کو انسانی اسمگلنگ کے خلاف جاری کارروائیوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ججا گینگ کی گرفتاری قابل تحسین ہے، اس مکروہ دھندے میں ملوث افراد نے پاکستان کے تشخص کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، انسانی اسمگلنگ جیسے جرم کے باعث قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور ملک کی ساکھ کو دھچکا پہنچا، اس گھناؤنے فعل میں ملوث عناصر کو سخت سزا دلوانے کے لیے ادارے اپنی کارروائیاں مزید تیز کریں۔
انہوں نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد بے شمار معصوم جانوں کے ضیاع کے ذمہ دار ہیں، ان کے جرائم کی وجہ سے کئی لوگ سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہوگئے، یہ ظلم ناقابل معافی ہے، اور اس گھناؤنے عمل کے باعث پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر بدنامی ہوئی۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ انسانی اسمگلنگ جیسے مجرمانہ فعل کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، انہوں نے اس مکروہ دھندے کے خلاف کام کرنے والے افسران کو قوم کی جانب سے خراج تحسین پیش کیا اور متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ وہ انسانی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کریں۔
