امریکا، 5 نومبر کو ہونیوالے صدارتی انتخابات کیلئے ورجینیا، منی سوٹا اور ساؤتھ ڈکوٹا میں وقت سے پہلے ووٹنگ کا آغاز ہو گیا ہے۔
تینوں ریاستوں میں امریکی شہری اپنے پسندیدہ امیدوار کو ذاتی حیثیت میں پولنگ اسٹیشن جا کر ووٹ ڈال رہے ہیں۔
ابتدائی ووٹنگ رائے شماری کے روز عوام کے رش سے بچنے کے لیے کی جاتی ہے جس میں ڈاک، ای میل یا ووٹرز پولنگ کے مقامات پر جا کر باآسانی ووٹ کاسٹ کرسکتے ہیں۔
ابتدائی ووٹنگ کو شہرت گزشتہ صدارتی الیکشن میں ملی تھی جب کورونا وباء کی وجہ سے 100 ملین سے زیادہ ووٹرز نے الیکشنز کے روز سے پہلے بذریعہ ڈاک یا ذاتی طور پر ووٹ کاسٹ کیے، جس کے بعد کئی ریاستوں نے اس آپشن کو اس بار بھی جاری رکھا ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے شرح سود میں کمی کو امریکی معیشت کیلئے اچھی خبر قراردے دیا گیا ہے۔
امریکی صدر جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ اس سے ملک میں مہنگائی میں کمی آئے گی،عوام گھر، گاڑیاں کم قیمت پر خرید سکیں گے۔ صدر جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ کم سود پر قرضے ملنے سے ملک میں معاشی ترقی آئے گی۔
جوبائیڈن نے ڈونلڈ ٹرمپ کی معاشی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے یہ کہا کہ اگر ٹرمپ اقتدارمیں واپس آئے تو صرف امیر لوگ ہی فائدہ حاصل کرسکیں گے، ڈونلڈ ٹرمپ نیا سیلز ٹیکس متعارف کروا سکتے ہیں۔