اسرائیلی فوج کا غزہ کے 77 فیصد رقبے پر قبضہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

غزہ کے سرکاری میڈیا آفس نے اپنے ایک بیان میں انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی افواج غزہ پٹی کے جغرافیائی رقبے کے 77 فیصد حصے پر قابض ہو چکی ہیں، اس پیش قدمی کو اسرائیلی افواج کی زمینی دراندازی، شہری علاقوں میں مستقل تعیناتی، شدید بمباری اور فلسطینی شہریوں کی جبری بے دخلی کے نتیجے میں حاصل کیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے غیر منصفانہ طور پر فلسطینیوں کو ان کے گھروں، زمینوں اور املاک سے محروم کر دیا ہے، جس کا مقصد انہیں ان کے ہی علاقوں سے مکمل طور پر بے دخل کرنا ہے، اسرائیلی افواج کی یہ کارروائیاں بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق چارٹر اور عالمی اخلاقی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

latest urdu news

غزہ میڈیا آفس نے اقوام متحدہ، او آئی سی، یورپی یونین، عرب لیگ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی افواج کی مسلسل جارحیت اور علاقائی توسیع کو فوری طور پر روکنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں، بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی توسیع پسندی غزہ میں مکمل تسلط کی خطرناک حکمت عملی کا حصہ ہے جو خطے میں امن کو مزید برباد کر رہی ہے۔

یاد رہے کہ غزہ پر اسرائیل نے 7 اکتوبر 2023 کے بعد سے اب تک مسلسل بمباری، زمینی کارروائیوں اور محاصرے کے ذریعے حملے کیے ہیں،ہزاروں فلسطینی شہری شہید یا زخمی ہو چکے ہیں، جب کہ لاکھوں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں، عالمی برادری کی جانب سے اس بربریت کے خلاف مؤثر کارروائی نہ ہونے پر شدید تنقید جاری ہے۔

 

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter