عالمی شہرت یافتہ اسلامی اسکالر اور مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے 59 سال کی عمر میں حیران کن جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 430 فٹ کی بلندی سے بنجی جمپنگ کر کے اپنے مداحوں کو حیرت میں ڈال دیا۔ یہ ایڈونچر انہوں نے اپنے حالیہ انڈونیشیا کے دورے کے دوران بالی کے ساحل پر کیا۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز اور تصاویر میں ڈاکٹر نائیک کو انتہائی اعتماد کے ساتھ کودتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا:
"زندگی کے مختلف تجربات انسان کو نئی توانائی دیتے ہیں، اور ہمیں ہمیشہ نئے چیلنجز سے نہیں گھبرانا چاہیے۔”
ڈاکٹر نائیک نے نہ صرف بنجی جمپنگ بلکہ کلف جمپنگ اور واٹر سلائیڈنگ جیسے مزید ایڈونچر بھی کیے۔ ان کے مطابق، ان سرگرمیوں نے انہیں "سکون اور خوشی کا احساس” دیا۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے اس قسم کی ایڈونچر سرگرمی میں حصہ لیا ہو۔ گزشتہ برس یوگنڈا کے دورے پر بھی انہوں نے 165 فٹ کی بلندی سے بنجی جمپنگ کی تھی، جو ان کے مطابق ان کی "نئی بلندیوں کو چھونے” کی خواہش کا آغاز تھا۔
بنجی جمپنگ کیا ہے؟
بنجی جمپنگ ایک ایڈونچر کھیل ہے جس میں ایک فرد لچکدار رسی کے ساتھ بندھ کر بلندی سے نیچے چھلانگ لگاتا ہے۔ یہ چھلانگ عموماً پل، پہاڑی، یا بلند عمارت سے لگائی جاتی ہے، اور رسی کے کھچاؤ سے فرد کو جھولے جیسا جھٹکا لگتا ہے، جو اس کے ایڈونچر کو یادگار بنا دیتا ہے۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک کے اس غیر معمولی اقدام نے ان کے چاہنے والوں میں نہ صرف حیرت بلکہ حوصلہ اور جرأت کا جذبہ بھی جگایا ہے، اور یہ پیغام دیا ہے کہ عمر کبھی بھی نئے تجربات کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنتی۔