بھارتی ریاست تلنگانہ میں چوری کا ایک انوکھا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک نوجوان نے لڑکی کا روپ دھار کر اپنے ہی قریبی دوست کے گھر کو نشانہ بنا ڈالا۔
تفصیلات کے مطابق اُدھے نگر کا رہائشی شیوراج اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ نظام آباد گیا ہوا تھا، اور روانگی سے قبل اس کے بیٹے نے اپنے دوست ہرشیت کو گھر خالی ہونے کی اطلاع دی تھی۔ اگلے روز جب شیوراج کا خاندان واپس پہنچا تو گھر کا تالا ٹوٹا ہوا پایا اور الماری سے 6.75 تولہ سونا اور ایک لاکھ 10 ہزار روپے نقد غائب تھے۔
پولیس کو شکایت درج کروائی گئی، جس کے بعد تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک لڑکی کو گھر میں داخل ہوتے اور بعد میں باہر نکلتے ہوئے دیکھا گیا، جس سے کیس مزید الجھ گیا۔ تاہم تحقیقات اس وقت نیا رخ اختیار کر گئیں جب ایک مقامی شخص نے پولیس کو بتایا کہ ایک نوجوان مذکورہ فوٹیج دیکھنے آیا تھا۔
فوٹیج کو مزید باریکی سے دیکھنے پر شیوراج کے بیٹے نے اس "لڑکی” کو شناخت کر لیا، جو اصل میں اس کا اپنا دوست ہرشیت تھا، جس نے چہرہ ڈھانپ کر لڑکی کا حلیہ اختیار کیا تھا۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ہرشیت کے گھر پر چھاپہ مارا اور چوری شدہ 6.75 تولہ سونا اور 85 ہزار روپے نقد برآمد کر لیے۔
2 گول گپے کم کیوں دیے؟ خاتون نے سڑک پر واویلا مچا دیا، گھنٹوں ٹریفک جام
دورانِ تفتیش ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ آن لائن قرض ایپس سے لیے گئے قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہوا تھا، اور قرض ادا کرنے کے دباؤ میں آ کر اس نے یہ منصوبہ بنایا۔ اس نے بتایا کہ چوری کی رقم میں سے 25 ہزار روپے وہ پہلے ہی قرض کی قسط کے طور پر ادا کر چکا ہے۔
یہ عجیب و غریب واردات نہ صرف علاقے میں موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے بلکہ سوشل میڈیا پر بھی خوب وائرل ہو رہی ہے، جہاں صارفین نوجوان کے "تبدیلی حلیہ” کے انوکھے انتخاب پر حیرت کا اظہار کر رہے ہیں۔