کیلیفورنیا کے جنگلات میں آگ بھڑک اُٹھی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وسطی کیلیفورنیا میں جنگلات کی آگ 100 مربع میل تک پھیل گئی، 3 افراد زخمی، سیکڑوں مکانات کو خطرہ لاحق۔

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے وسطی جنگلات میں لگنے والی خوفناک آگ تاحال قابو سے باہر ہے، جس کے باعث مقامی آبادی میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق آگ سے جھلس کر کم از کم تین افراد زخمی ہو چکے ہیں، جب کہ سیکڑوں مکانات کو شدید خطرہ لاحق ہے۔

latest urdu news

کیلیفورنیا فائر ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ آگ سانٹا باربرا اور سین لوئس اوبیسپو کاؤنٹیز کے درمیانی علاقوں میں 100 مربع میل سے زائد رقبے پر پھیل چکی ہے، جس کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

فضا میں دھوئیں کے گھنے بادل چھائے ہوئے ہیں، جس کے باعث سانس لینا مشکل ہو چکا ہے اور فائر فائٹرز کو شدید مشکلات درپیش ہیں۔

امریکی فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق زخمیوں میں ایک کار سوار شخص شامل ہے جو آگ کی لپیٹ میں آ کر جھلس گیا، اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ آگ بجھانے میں مدد کرنے والے دو کنٹریکٹ ملازمین بھی زخمی ہوئے ہیں۔

ریاستی حکام نے قریبی آبادیوں کو الرٹ جاری کرتے ہوئے فوری نقل مکانی کی ہدایات دی ہیں، جبکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ درجنوں فائر ٹرک، ہیلی کاپٹرز اور ریسکیو ٹیمیں آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، مگر تیز ہوائیں اور خشک موسم رکاوٹ بن رہے ہیں۔

یاد رہے کہ امریکا میں حالیہ برسوں میں جنگلات کی آگ معمول بن چکی ہے۔ رواں سال مختلف ریاستوں میں 40 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبہ آگ کی لپیٹ میں آ چکا ہے، جس سے ماحولیات، معیشت اور مقامی آبادی کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ کیلیفورنیا خاص طور پر اس بحران سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ریاستوں میں شامل ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter