یروشلم: اسرائیلی میڈیا نے ایران کے حالیہ میزائل حملے میں مکمل طور پر تباہ ہونے والے ایک رہائشی گھر کی ویڈیو جاری کر دی ہے، جو سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مذکورہ گھر کھنڈر میں تبدیل ہو چکا ہے، جبکہ ملبے کے ڈھیر میں ایک اسرائیلی خاتون کے رونے کی آواز ماحول کو مزید دلخراش بنا دیتی ہے۔ ویڈیو میں جلی ہوئی اشیاء، تباہ شدہ دیواریں اور ٹوٹی ہوئی چھت واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہیں، جو حملے کی شدت کو ظاہر کرتی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق یہ ویڈیو اسرائیلی سیکیورٹی حکام کی اجازت سے نشر کی گئی ہے تاکہ بین الاقوامی برادری کو ایران کے حملوں کے اثرات اور انسانی پہلوؤں سے آگاہ کیا جا سکے۔
یہ منظرنامہ اس وقت سامنے آیا ہے جب ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے لیے اہم سفارتی پیش رفت ہو چکی ہے۔ واضح رہے کہ منگل کی علی الصبح امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کیا، جس کی تصدیق اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو اور ایرانی وزارتِ خارجہ دونوں نے کی ہے۔
Totally destroyed buildings following Iranian missile strike on occupied territories
Follow https://t.co/B3zXG73Jym pic.twitter.com/qXsvFJuaVq
— Press TV 🔻 (@PressTV) June 24, 2025
پاکستانی وقت کے مطابق ایران نے صبح 9 بجے سے جنگ بندی پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے، جبکہ اسرائیل نے بھی اپنی فضائی حدود دوبارہ کھول دی ہیں۔ امریکی صدر نے فریقین سے اپیل کی ہے کہ وہ جنگ بندی کی کسی بھی خلاف ورزی سے گریز کریں تاکہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔
یاد رہے کہ ایران کی جانب سے حالیہ میزائل حملے اسرائیل کے فوجی اور تزویراتی مراکز کو نشانہ بنانے کے لیے کیے گئے تھے، تاہم کچھ رہائشی علاقے بھی متاثر ہوئے۔ ان حملوں کے بعد عالمی برادری نے فوری جنگ بندی اور تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی تھی، جس پر جزوی عملدرآمد کا آغاز ہو چکا ہے۔