12
امریکا کی متعدد ریاستوں اور میکسیکو سٹی میں موسلادھار بارشوں سے سیلابی صورتحال، سڑکیں زیر آب، گاڑیاں ڈوب گئیں، بجلی کی فراہمی متاثر، کئی علاقوں میں الرٹ جاری۔
امریکا کی مختلف ریاستوں میں شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث نظام زندگی بری طرح متاثر ہو گیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق، ریاست وسکونسن سمیت کئی علاقوں میں موسلادھار بارشوں سے سڑکیں زیر آب آ گئیں، گاڑیاں ڈوب گئیں اور ہزاروں گھر بجلی سے محروم ہو گئے۔
نیشنل ویدر سروس نے ریاست کنساس، آئیووا، نیبراسکا، مہسوری، الینوائے اور وسکونسن کے لیے سیلابی الرٹ جاری کیا ہے۔ شدید بارشوں کے نتیجے میں مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت دی ہے۔
ادھر میکسیکو سٹی میں بھی ہفتے سے جاری بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ حد نگاہ متاثر ہونے پر بینیٹو جواریز ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن تین گھنٹے کے لیے معطل رہا۔ ماہرین کے مطابق میکسیکو میں خراب موسم پیر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔