امریکا نے کیریبین کے علاقے میں وینزویلا کے تیل سے وابستہ ایک اور بحری جہاز اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ امریکی فوجی حکام کے مطابق یہ کارروائی منگل کے روز عمل میں آئی۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ وینزویلا کے تیل سے جڑے بحری جہازوں کے خلاف ساتویں کارروائی ہے، جس میں امریکی فوجی دستوں نے ایک اور جہاز پر کنٹرول حاصل کیا۔ یہ اقدام ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے وینزویلا کے تیل کے شعبے پر اثر و رسوخ بڑھانے کی کوششوں کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے۔
وینزویلا کا تیل امریکا خرید رہا ہے، چین اور روس ہم سے لے سکتے ہیں: ٹرمپ
امریکی سدرن کمانڈ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ امریکی فورسز نے موٹر ویسل ساگیٹا کو بغیر کسی مزاحمت کے اپنی تحویل میں لے لیا۔ تاہم، فوجی کمانڈ کی جانب سے یہ وضاحت نہیں کی گئی کہ آیا اس کارروائی میں، ماضی کی طرح، امریکی کوسٹ گارڈ نے جہاز کا انتظام سنبھالا یا نہیں۔
