جمعرات, 29 مئی , 2025

امریکہ نے حماس کی جانب سے جنگ بندی کی امریکی تجویز قبول کرنے کا دعویٰ مسترد کر دیا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

امریکہ نے حماس کے اس دعوے کو سختی سے رد کر دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ تنظیم نے جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی سے متعلق امریکی تجویز قبول کر لی ہے۔

latest urdu news

واشنگٹن سے موصولہ اطلاعات کے مطابق امریکہ نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے اس بیان کو مسترد کر دیا ہے جس میں تنظیم نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی سے متعلق امریکی تجویز کو قبول کر لیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حماس کے ایک ذریعے نے کہا کہ تنظیم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشرق وسطیٰ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کی نئی تجویز، جو انہیں ثالثوں کے ذریعے موصول ہوئی اسے قبول کیا ۔

تاہم امریکی نیوز ویب سائٹ کے مطابق اسٹیو وٹکوف کے ترجمان نے اس دعوے کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حماس نے جو مؤقف اختیار کیا ہے، وہ مکمل طور پر ناقابل قبول اور مایوس کن ہے، رپورٹر باراک راویڈ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” پر اپنے پیغام میں کہا کہ وائٹ ہاؤس کے نمائندے اسٹیو وٹکوف نے حماس کے دعوے کو جھوٹا اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔

اسٹیو وٹکوف نے اپنے بیان میں کہاکہ جو کچھ میں نے حماس کی جانب سے دیکھا، وہ نہ صرف مایوس کن ہے بلکہ مکمل طور پر ناقابلِ قبول بھی ہے، ان کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب غزہ میں انسانی بحران شدت اختیار کر چکا ہے اور دنیا بھر سے جنگ بندی کے مطالبات کیے جا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں ہزاروں فلسطینی شہید اور لاکھوں متاثر ہو چکے ہیں، عالمی برادری، اقوام متحدہ، اور مختلف ممالک بارہا جنگ بندی، امداد کی فراہمی اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے ثالثی کی کوششیں کر چکے ہیں۔

حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی میں امریکی کردار ہمیشہ اہم رہا ہے، تاہم فریقین کے بیانات میں تضاد عالمی ثالثی عمل کو مزید پیچیدہ بنا رہا ہے۔

اس دوران، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے مغربی رہنماؤں پر حماس کی حمایت کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں، جس پر مختلف ردعمل سامنے آئے ہیں۔ اس حوالے سے مزید تفصیلات جاننے کے لیے آپ ہماری رپورٹ پڑھ سکتے ہیں۔

(مزید پڑھیں: نیتن یاہو کا مغربی رہنماؤں پر حماس حمایت کا الزام)

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter