اتوار, 1 جون , 2025

پاکستان سے تجارتی مذاکرات، بھارت سے معاہدہ طے پانے کے قریب،امریکی صدر

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستانی حکومتی نمائندے آئندہ ہفتے امریکا کا دورہ کریں گے تاکہ دو طرفہ تجارتی ٹیرف پر مذاکرات کیے جا سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا، بھارت کے ساتھ تجارتی معاہدے کے قریب ہے، جبکہ پاکستان سے بھی مثبت بات چیت جاری ہے۔

latest urdu news

ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ گفتگو ٹیسلا کے مالک ایلون مسک کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس کے دوران کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان اور بھارت دونوں کے ساتھ تجارت پر بات چیت کی ہے اور یہ واضح پیغام دیا ہے کہ جو ممالک ایک دوسرے پر گولیاں چلائیں گے، ان کے ساتھ تجارت ممکن نہیں۔

صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ان کی کوششوں سے ایٹمی جنگ کو تجارت کے ذریعے روکنے میں کامیابی ملی، اور انہیں اس بات پر فخر ہے کہ وہ جنگ بندی ممکن بنانے میں کامیاب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ عموماً اس خطے میں گولیاں چلتی ہیں، لیکن اب ہم نے تجارت پر توجہ دی ہے۔ پاکستانی وفد آئندہ ہفتے امریکا پہنچے گا، اور اگر دونوں ممالک جنگ کریں گے تو میرے پاس ان کے لیے کچھ نہیں ہوگا۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ اسرائیل اور حماس جنگ بندی کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ آج یا کل جنگ بندی سے متعلق اہم اعلان کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکی حکام 60 دن کی جنگ بندی سے متعلق حماس کے جواب کے منتظر ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے عندیہ دیا کہ امریکا، ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق ایک نئے معاہدے کے قریب ہے۔

چینی صدر شی جن پنگ سے متعلق بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ چین کے ساتھ تجارت اور ٹیرف کے معاملات پر گفتگو کریں گے۔ انہیں امید ہے کہ دونوں ممالک اپنے اختلافات ختم کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے، اور امریکا ٹیرف کے معاملے پر عدالتی جنگ بھی جیتنا چاہتا ہے۔

انہوں نے غیر ملکی طلبہ کے حوالے سے پالیسی میں نرمی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ فی الحال غیر ملکی طلبہ کو امریکا سے نکالنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ ہارورڈ یونیورسٹی کے ساتھ قانونی کشمکش کے باوجود وہ چاہتے ہیں کہ بین الاقوامی طلبہ امریکا آ کر تعلیم حاصل کریں۔

یاد رہے کہ امریکا، پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارتی و دفاعی تناؤ کے باوجود حالیہ مہینوں میں رابطے بڑھے ہیں۔ اس سے قبل ٹرمپ انتظامیہ نے جنوبی ایشیا میں امن کی کوششوں کو تجارت کے ساتھ جوڑنے کی حکمتِ عملی اپنائی تھی، جبکہ اسرائیل، ایران اور چین کے ساتھ امریکی تعلقات بھی عالمی سفارتی منظرنامے پر ایک اہم موڑ پر ہیں۔

دوسری جانب بھارتی کانگریس رہنما ششی تھرور نے سوشل میڈیا پر وائرل انٹرویو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نام لیے بغیر نااہل قرار دے دیا اور کہا کہ سابق صدور کے برعکس ٹرمپ میں دانش مندی کی کمی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter