جمعرات, 12 جون , 2025

امریکہ کا پاک بھارت کشیدگی میں ثالثی کا عندیہ، صدر ٹرمپ مذاکرات کے خواہاں

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

واشنگٹن، امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے واضح کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان اور بھارت کے درمیان، بالخصوص کشمیر جیسے حساس مسئلے کو مذاکرات کے ذریعے حل کرانے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ عالمی امن کے لیے متحرک کردار ادا کر رہے ہیں، اور دنیا کو حیران نہیں ہونا چاہیے اگر وہ کسی دیرینہ تنازعے کو سلجھا لیں، کیونکہ وہ واحد شخصیت ہیں جو دونوں فریقین کو مذاکرات کی میز پر لا سکتے ہیں۔

latest urdu news

پریس بریفنگ کے دوران ٹیمی بروس نے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ امریکا مسئلہ کشمیر سمیت پاک بھارت کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی سطح پر کوششیں کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ دنوں امریکی انڈر سیکرٹری ایلیس ہوکر نے پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کی، جس میں پاک بھارت جنگ بندی کے لیے امریکی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف تعاون، دو طرفہ تعلقات اور جنوبی ایشیا میں سلامتی و استحکام جیسے امور بھی زیر بحث آئے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ جنگ بندی برقرار رہے گی اور خطے میں امن قائم رہے گا۔

ٹیمی بروس نے مزید کہا کہ امریکا میں حالیہ عرصے میں غیرقانونی تارکین وطن کی جانب سے پرتشدد مظاہرے سامنے آئے ہیں، جس کے بعد صدر ٹرمپ نے سرحدی سلامتی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی سڑکوں کو جرائم پیشہ عناصر اور غیر قانونی تارکین سے پاک کرنا اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے فلسطین سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ پانچ امدادی اداروں پر حماس کی حمایت کے الزام میں پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں، جبکہ صدر ٹرمپ نے غزہ کی صورتحال کے حل کے لیے نئی تجاویز طلب کی ہیں، کیونکہ حماس نہ مغویوں کو رہا کر رہی ہے نہ ہتھیار ڈال رہی ہے۔

ایران سے متعلق ترجمان کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں پیش رفت جاری ہے، جبکہ یوکرین اور روس کے درمیان جنگ بندی کے لیے بھی امریکا فعال سفارتی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے نائب صدر وینس اور وزیر خارجہ روبیو کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اہم وقت ہے، اور اگر کسی تنازع پر پیش رفت ہو جائے تو یہ بڑی کامیابی ہو گی۔

یاد رہے کہ صدر ٹرمپ ماضی میں بھی مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کر چکے ہیں، تاہم بھارت اس کردار کو تسلیم کرنے سے انکار کرتا رہا ہے، جبکہ پاکستان ہمیشہ سے تیسرے فریق کی ثالثی پر آمادگی ظاہر کرتا آیا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter