امریکی سینٹرل کمانڈ نے بحری بیڑے یو ایس ایس ابراہم لنکن کے غیر فعال ہونے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کر دیا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق یہ طیارہ بردار بحری جہاز اب بھی مکمل طور پر فعال ہے اور خطے میں اپنے آپریشنل فرائض انجام دے رہا ہے۔
سینٹ کام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ابراہم لنکن کیریئر اسٹرائیک گروپ بدستور ایران کے خلاف آپریشنل تیاری کی حالت میں موجود ہے۔ بیان کے مطابق بحری بیڑے کی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے اس دعوے کی تردید کے ساتھ ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے جس میں بحری جہاز پر جنگی طیاروں کی آمد و رفت دکھائی گئی ہے، تاکہ واضح کیا جا سکے کہ جہاز مکمل طور پر فعال ہے۔
امریکا کا دوسرا طیارہ بردار جہاز جیرالڈ آر فورڈ بحیرہ روم میں داخل
اس سے قبل ایران کی پاسدارانِ انقلاب کے بعض حلقوں کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ امریکی بحری بیڑے کو ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔ تاہم امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اس طرح کے دعوے ماضی میں بھی کیے جاتے رہے ہیں اور ان میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔
